بیساکھی میلہ: ڈی پی او اور ڈی سی شیخوپورہ کا گردوارہ سچا سودا کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات فول پروف بنانے کا حکم
بیساکھی میلہ: ڈی پی او اور ڈی سی شیخوپورہ کا گردوارہ سچا سودا کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
شیخوپورہ (رانا بابر سلیم سے):
سکھ برادری کے عالمی مذہبی تہوار بیساکھی میلہ کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس متحرک ہوگئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شیخوپورہ بلال ظفر شیخ اور ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے فاروق آباد کے قریب واقع تاریخی گردوارہ سچا سودا کا تفصیلی دورہ کیا اور سیکیورٹی و دیگر انتظامی امور کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران ایڈیشنل ایس پی نواز سیال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی افسران کے ہمراہ تھے۔ ڈی پی او اور ڈی سی نے گردوارہ کے داخلی و خارجی راستوں، واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمروں کے نظام کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے وہاں قائم خصوصی کنٹرول روم کا معائنہ کرتے ہوئے مانیٹرنگ کے عمل کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔ڈی پی او بلال ظفر شیخ نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اہلکاروں کو الرٹ رہنے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام اہلکار زائرین کے ساتھ انتہائی خوش اخلاقی اور تندہی سے پیش آئیں۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق اقلیتوں کے مذہبی مقامات اور ان کے تہواروں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ سکھ یاتریوں کو فول پروف سیکیورٹی، بہترین رہائش اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے الرٹ ہیں۔حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو ایک پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے مذہبی فرائض بغیر کسی خوف و خطر کے ادا کر سکیں۔ انتظامیہ اور پولیس چوبیس گھنٹے حالات کی نگرانی کر رہی ہے۔
ایران کے ’سپر جھٹکے‘: امریکہ میں آرمی چیف تبدیل، اسرائیلی انٹیلی جنس سربراہ غائب | تجزیہ: ملک توصیف احمد
تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے ہمیں فالو کریں
#MalikTouseefAhmed | #UrduPointPress

