پی ایس ایل 11: شاہین شاہ آفریدی اور سکندر رضا مشکل میں، سیکیورٹی پروٹوکول توڑنے پر پولیس کا سخت ایکشن

لاہور/گوجرانوالہ (بیورو رپورٹ): پاکستان سپر لیگ (PSL 11) کے دوران لاہور قلندرز کے سٹار کھلاڑیوں شاہین شاہ آفریدی اور سکندر رضا کے خلاف سیکیورٹی پروٹوکولز کی سنگین خلاف ورزی کا معاملہ سامنے آگیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی جانب سے پی سی بی (PCB) کو لکھے گئے ایک خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کی مزاحمت کے باوجود مہمانوں کو ہوٹل کے کمرے میں داخل کیا
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ 28 مارچ کی رات لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ سکندر رضا کے چار رشتہ داروں نے ان سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی، جسے پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے سیکیورٹی پروٹوکولز کے پیشِ نظر مسترد کر دیا تھا۔ تاہم، الزامات کے مطابق شاہین شاہ آفریدی اور سکندر رضا نے سیکیورٹی اہلکاروں کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے ان چاروں مہمانوں کو زبردستی سکندر رضا کے کمرے تک پہنچایا۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، محمد فیصل کی جانب سے پی سی بی کو لکھے گئے خط میں اس عمل کو “ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی” قرار دیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ مہمان رات ڈیڑھ بجے تک کمرے میں موجود رہے، جو کہ کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے لیے ایک بڑا خطرہ ثابت ہو سکتا تھا۔ پولیس نے پی سی بی سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری جائزہ لیا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔
اس واقعے نے سوشل میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کچھ شائقین اسے کھلاڑیوں کی ذاتی زندگی میں مداخلت قرار دے رہے ہیں، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل نسیم شاہ کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیا جا چکا ہے۔
دنیا بارود کے ڈھیر پر: ایران امریکہ کشیدگی اور پاکستان کی سفارتکاری کا امتحان | تحریر: افتخار بٹ
تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے ہمیں فالو کریں
#MalikTouseefAhmed | #UrduPointPress

