گوجرانوالہ قتل کیس: ملزم عثمان سے آلہ قتل برآمد، مقتول کی بیوی سے تعلق کا انکشاف

گوجرانوالہ: قتل کی لرزہ خیز واردات، آلہ قتل برآمد، ملزم کا مقتول کی بیوی سے مبینہ تعلق کا انکشاف
گوجرانوالہ ( ڈویژنل بیورو رپورٹ )
تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کی پولیس نے قتل کے مقدمے میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل برآمد کر لیا ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق، ملزم عثمان نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے علی رضا نامی شہری کو قتل کرنے کے لیے استعمال ہونے والا پسٹل اپنی عارضی رہائش گاہ میں چھپا رکھا تھا۔مقدمہ قتل میں گرفتار ملزم عثمان سکنہ جھاریوالہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں انکشاف کیا کہ مقتول علی رضا کو جس پسٹل سے نشانہ بنایا گیا، وہ اس نے حسنین سٹی، نزد گول پارک لدھیوالہ وڑائچ میں واقع اپنی عارضی رہائش گاہ میں چھپا رکھا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ہتھکڑیوں میں جکڑ کر جائے وقوعہ پر لے جا کر اس کی نشاندہی پر آلہ قتل برآمد کر لیا۔ذرائع اور پولیس تحقیقات کے مطابق، اس لرزہ خیز قتل کے پیچھے مبینہ طور پر مقتول علی رضا کی بیوی اور ملزم عثمان کے درمیان غیر قانونی مراسم بتائے جاتے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر، پولیس نے ابتدا میں مقتول کی بیوی کی مدعیت میں ہی قتل کا مقدمہ درج کیا تھا، تاہم تفتیش کے بعد صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہو گئی اور اب پولیس کی مدعیت میں کارروائی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔آلہ قتل کی برآمدگی اور ملزم کے اعترافِ جرم کے بعد، سب انسپکٹر محمد عاطف اعوان کی مدعیت میں ملزم کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام سائنسی اور دستاویزی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ مجرم کو کڑی سزا دلوائی جا سکے۔
امریکہ ایران مذاکرات: 15 نکات، نورا کشتی کا اختتام اور پاکستان کا کردار
تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے ہمیں فالو کریں
#MalikTouseefAhmed | #UrduPointPress

