گوجرانوالہ درندگی: سفاک شوہر کا بیوی پر بدترین تشدد، کپڑے پھاڑے، ہاتھ پاؤں باندھے اور ٹنڈ کر دی

تھانہ صدر گوجرانوالہ کے علاقہ محلہ شریف پورہ میں انسانیت لرز اٹھی، جہاں ایک سفاک شوہر نے گھریلو ناچاقی کی آڑ میں اپنی شریک حیات پر ایسا بدترین جبر کیا جس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، محلہ شریف پورہ کا رہائشی، رشید چھنگر نامی شخص، اپنی بیوی سمعینہ بی بی کو پہلے ہی کئی بار تشدد کا نشانہ بنا چکا تھا، لیکن گزشتہ روز سفاکیت کی تمام حدیں عبور کر گئیں۔ معمولی گھریلو جھگڑے کو بنیاد بنا کر رشید چھنگر نے سمعینہ بی بی پر وحشیانہ تشدد شروع کر دیا۔ درندہ صفت شوہر کے مکوں اور لاتوں کی برسات نے نہ صرف مظلوم خاتون کو شدید زخمی کیا بلکہ اس کے جسم کے کپڑے بھی تارتار کر دیے۔
وحشیانہ تشدد سے بھی جب دل نہ بھرا، تو سفاک شوہر نے اپنی بیوی کے ہاتھ اور ٹانگیں رسیوں سے جکڑ دیں۔ سمعینہ بی بی کے بے بس اور محبوس ہونے کے بعد، رشید چھنگر نے استرا اور قینچی اٹھا کر اپنی ہی بیوی کے سر کے بال کاٹنا شروع کر دیے۔ مظلوم خاتون چیختی اور چلاتی رہی، لیکن درندہ صفت شوہر نے اس کی ایک نہ سنی اور اسے گنجا کر کے اس کی عزتِ نفس کو بری طرح مجروح کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ متاثرہ خاتون کی ہمشیرہ، نیامت بی بی، نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ تھانہ صدر گوجرانوالہ پولیس نے نیامت بی بی کی مدعیت میں سفاک شوہر رشید چھنگر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کا میڈیکل کروا کر ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، تاہم ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے سی پی او گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی شخص اپنی بیوی پر ایسا ظلم کرنے کی جرات نہ کر سکے۔
امریکہ ایران مذاکرات: 15 نکات، نورا کشتی کا اختتام اور پاکستان کا کردار
تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے ہمیں فالو کریں
#MalikTouseefAhmed | #UrduPointPress

