گوجرانوالہ: مضرِ صحت اور بیمار جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑی کارروائی، دکان سیل

وٹرنری آفیسر رانا محمد طیب حفیظ گوجرانوالہ میں مضر صحت گوشت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے

​وٹرنری آفیسر رانا محمد طیب حفیظ کا ماڈل ٹاؤن میں چھاپہ، 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج، سلاٹر ہاؤس قوانین کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن
​گوجرانوالہ (ڈویژنل بیورو رپورٹ)
ضلعی انتظامیہ اور محکمہ لائیو اسٹاک نے عوامی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا۔ انچارج سلاٹر ہاؤس وٹرنری آفیسر رانا محمد طیب حفیظ نے ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیمار اور لاغر جانوروں کا مضرِ صحت گوشت فروخت کرنے والی دکان کو سیل کر دیا، جبکہ دو ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔
​تفصیلات کے مطابق وٹرنری آفیسر رانا محمد طیب حفیظ کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ تھانہ ماڈل ٹاؤن کی حدود میں چند دکان دار سلاٹر ہاؤس سے تصدیق شدہ گوشت کے بجائے بیمار اور لاغر جانوروں کا غیر معیاری گوشت فروخت کر رہے ہیں، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ اس اطلاع پر رانا محمد طیب حفیظ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ٹیم کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن ایریا میں واقع مشکوک دکانوں کی چیکنگ کی۔​دورانِ معائنہ ایک دکان پر موجود گوشت کے نمونے چیک کیے گئے تو وہ وٹرنری قوانین کے مطابق مضرِ صحت اور غیر معیاری پائے گئے۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے موقع پر موجود گوشت کو قبضے میں لے کر تلف کر دیا گیا اور دکان کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔ وٹرنری آفیسر کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں 2 افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے پرچہ درج کروا دیا گیا ہے۔​اس موقع پر رانا محمد طیب حفیظ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ غیر معیاری اور بیمار جانوروں کا گوشت فروخت کرنا سنگین جرم ہے اور ایسی کارروائیاں پورے ڈویژن میں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو صرف معیاری اور حلال گوشت کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

امریکہ ایران مذاکرات: 15 نکات، نورا کشتی کا اختتام اور پاکستان کا کردار


تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے ہمیں فالو کریں

#MalikTouseefAhmed | #UrduPointPress

Share This

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *