محرم الحرام کے دوران اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات
مزید انکشافات اور تفصیلات کے لئے یہاں ویڈیو دیکھیں
اسلام آباد (رپورٹ: ملک توصیف احمد)
محرم الحرام کے مقدس مہینے کی آمد کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس نے جامع حکمت عملی ترتیب دے دی ہے۔ اس حوالے سے ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز حسین نے ‘سائلنٹ شیلڈ’ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز حسین نے بتایا کہ اسلام آباد میں محرم کے دوران 93 جلوس برآمد ہوں گے جن میں سے 14 انتہائی حساس (اے پلس) قرار دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شہر بھر میں تقریباً 1000 کے قریب مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔ پولیس نے ہر مجلس اور جلوس کے لیے الگ سے سیکیورٹی کا انتظام کیا ہے، جس میں کسی بھی قسم کی غفلت کی گنجائش نہیں ہے۔ جلوس کے تمام روٹس کا 360 ڈگری اینگل سے سیکیورٹی سروے مکمل کر لیا گیا ہے اور کسی بھی مشکوک شے یا ڈارک ایریا کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔ روٹس سے ملحقہ علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ اور سرچ آپریشنز جاری ہیں، جس میں ڈور ٹو ڈور چیکنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 300 اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ ہو۔ نفرت انگیز تقاریر (ہیٹ اسپیچ) کو روکنے کے لیے سائبر کرائم یونٹ کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے اور کسی بھی اشتعال انگیز مواد پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ایس پی سٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کا مظاہرہ کریں۔ اگر کوئی بھی مشکوک سرگرمی نظر آئے تو فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔ انہوں نے پولیس جوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان شدید گرمی اور مشکل حالات میں اپنے گھروں سے دور رہ کر عوام کی حفاظت کر رہے ہیں، جو کہ عبادت کے مترادف ہے۔
