عیدالفطر پر صحت دشمن مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، فوڈ اتھارٹی کا ہائی الرٹ نافذ

(چنیوٹ رپورٹر ضامن علی رائے ) عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ایک منفرد اور سخت مانیٹرنگ نظام متعارف کروایا گیا ہے، جس کے تحت عید سے قبل اور عید کے تینوں دن فیلڈ آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق چنیوٹ میں فوڈ، میٹ اور ڈیری سیفٹی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو عید کی تعطیلات کے دوران تین شفٹوں میں مختلف علاقوں میں چیکنگ کریں گی۔ تمام فیلڈ ٹیموں کو ہائی الرٹ رہنے اور شہریوں کی شکایات پر فوری رسپانس دینے کی واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ افسران بھی خود فیلڈ میں موجود رہیں گے اور اشیائے خورونوش کی چیکنگ کا عمل مسلسل جاری رکھیں گے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ٹیموں کی کارکردگی کی نگرانی کریں گے تاکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ ہو۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق عید سے قبل سویٹس یونٹس، مصالحہ جات بنانے والے یونٹس اور کاربونیٹڈ ڈرنکس یونٹس کی مسلسل انسپکشن کی جا رہی ہے جبکہ عید کے دوران دودھ، گوشت، سویاں اور دیگر تمام چھوٹی بڑی اشیاء کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق عید کی چھٹیوں میں پارکس، تفریحی مقامات، فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور مٹھائی کی دکانوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ شہریوں کو صحت بخش خوراک فراہم کی جا سکے۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے پروڈکشن یونٹس اور فوڈ پوائنٹس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر انہیں بند بھی کیا جا سکتا ہے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ میٹھی عید کے موقع پر شہریوں تک معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں اینٹی سموگ کریک ڈاؤن، متعدد فیکٹریاں سیل

