نیشنل پریس کلب میں بیس سالہ ‘شاہی دور’ کا خاتمہ: ملک بھر کے پریس کلبز پر حکومتی پشت پناہی سے قابض ٹولوں کے لیے خطرے کی گھنٹی

اسلام آباد/گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی): نیشنل پریس کلب کے انتخابات میں آنے والا حالیہ انقلاب درحقیقت آزاد صحافت کی فتح اور مخصوص دھڑوں کی اجارہ داری کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا ہے۔ بیس سال تک برسرِ اقتدار رہنے والے گروپ کی عبرتناک شکست نے ثابت کر دیا ہے کہ اب صحافی برادری کسی بھی “حکومتی ایما” پر مسلط کردہ ٹولے کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) ورکرز کے سیکرٹری جنرل ملک توصیف احمد نے سینئر نائب صدر پی ایف یو جے ورکرز عبدالرزاق چشتی ، فنانس سیکرٹری پی ایف یو جے ورکرز سید بلال عزت نقوی، صدر آر آئی یو جے (RIUJ) ورکرز فرخان جعفری اور ملک حماد کے ہمراہ نیشنل پریس کلب کے نومنتخب صدر عبدالرزاق سیال، جنرل سیکرٹری راؤ فرقان اور گروپ لیڈر شکیل قرار سے ملاقات کی اور انہیں تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ایف یو جے ورکرز کے عہدیداران نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کے نتائج نے ملک بھر کے ان مخصوص ٹولوں کو واضح پیغام دیا ہے جو حکومتی مشینری کے بل بوتے پر پریس کلبز پر قبضہ جمائے بیٹھے تھے۔ انہوں نے کہا یہ فتح محض ایک تبدیلی نہیں بلکہ ایک ‘صحافتی انقلاب’ ہے جس نے بڑے بڑے برج الٹ دیے ہیں۔ حکومت کی جانب سے مخصوص دھڑوں کی سرپرستی نے ہمیشہ میرٹ اور آزاد صحافت کو نقصان پہنچایا ہے۔دیوار سے لگانے کی روایت ختم ہونی چاہیے ۔ بیان میں حکومتی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومتی مشینری کا کسی خاص گروہ کو نوازنا اور دوسروں کو دیوار سے لگانا ایک منفی روایت ہے جس نے اداروں کو مفلوج کر دیا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ مخصوص ٹولوں کی سرپرستی کے بجائے ہر منتخب تنظیم کو وہ عزت و تکریم دے جس کی وہ مستحق ہے۔ملک توصیف احمد نے واضح کیا کہ پی ایف یو جے ورکرز نے ہمیشہ حکومت کے تعمیری کاموں کی تعریف کی ہے۔لیکن “تنقید برائے اصلاح” آزاد صحافت کا حسن ہے، اسے دشمنی سمجھنا یا اس سے ناراض ہونا درحقیقت آزاد صحافت کی روح سے دوری ہے۔نومنتخب قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی گئی کہ عبدالرزاق سیال، راؤ فرقان اور شکیل قرار کی قیادت میں نیشنل پریس کلب اب کسی خاص لابی کا آلہ کار بننے کے بجائے عام صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا حقیقی ترجمان بنے گا۔

#MalikTouseefAhmed#NationalPressClub#JournalismRevolution#urdupointpress#PFUJWorkers

