ڈیرہ غازی خان مرکزی جامع مدنی مسجد پل یارو سمیت ضلع بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی

ڈیرہ غازی خان ( رپورٹر چوہدری احمد ) مرکزی جامع مدنی مسجد پل یارو میں عید الفطر کا بڑا اجتماع، مولانا محمد خان باروی کا خطاب؛ ملک کی سالمیت، شہداء اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔تفصیلات ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام اور روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ عید کا مرکزی اور بڑا اجتماع مرکزی جامع مدنی مسجد پل یارو میں منعقد ہوا، جہاں صدر تنظیم المدارس جنوبی پنجاب مولانا محمد خان باروی نے عید کا خصوصی خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں مولانا محمد خان باروی نے رمضان المبارک کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ماہِ صیام کی عبادتوں اور برکتوں کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے، اب ہمیں اپنی زندگیوں میں وہی تقویٰ اور پرہیزگاری برقرار رکھنی چاہیے جو ہم نے اس مقدس مہینے میں سیکھی۔ انہوں نے صدقہ فطر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غریبوں اور ضرورت مندوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہی عید کا اصل پیغام ہے۔
ملک و قوم کے لیے دعائیں:
نمازِ عید کے اختتام پر رقت آمیز دعا کی گئی جس میں پاکستان کی سالمیت، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی مناجات ہوئیں۔ اس موقع پر پاک فوج، پولیس اور دیگر انتظامی اداروں کے ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ دعا میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، اتفاق اور تمام بیماروں کی شفایابی کے لیے بھی اللہ رب العزت کے حضور التجا کی گئی۔
امن و امان کی صورتحال:
دوسری جانب ڈیرہ غازی خان کے مختلف مقامات، عید گاہوں اور مساجد میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جو خوش اسلوبی اور امن و امان کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جس کی بدولت شہری پرسکون ماحول میں عید کی خوشیاں مناتے نظر آئے۔

