سرگودھا: قصبہ وجھ میں 200 سالہ قدیم ہندو مندر مسمار، تاریخی ورثہ مٹی میں ملا دیا گیا

سرگودھا (رانا نعیم سے) تحصیل ساہیوال کے تاریخی قصبہ وجھ میں قیامِ پاکستان سے قبل کا قدیم مندر مبینہ طور پر مسمار کر دیا گیا ہے۔ مقامی قابضین نے نہ صرف 200 سالہ قدیم عمارت کو گرایا بلکہ اس کا قیمتی ملبہ اور تاریخی نوادرات بھی غائب کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق قصبہ وجھ میں واقع یہ مندر 5 سے 6 کنال رقبے پر محیط تھا، جو اپنی مخصوص طرزِ تعمیر اور تاریخی کلس (Sikhara) کی وجہ سے علاقے کی پہچان سمجھا جاتا تھا۔ رپورٹ کے مطابق، متروکہ وقف املاک بورڈ کی زیرِ نگرانی ہونے کے باوجود، مقامی بااثر افراد نے مندر کے نقشے میں ردو بدل کر کے وہاں رہائشی مکانات کی تعمیر شروع کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مندر کا قدیم لکڑی کا قیمتی گیٹ، تختی اور وہاں موجود ہندوؤں کے مقدس نوادرات بھی اب وہاں موجود نہیں ہیں۔ مقامی سماجی حلقوں نے اس مسماری پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے کی تاریخ اور شناخت پر حملہ قرار دیا ہے۔
سماجی حلقوں نے کمشنر سرگودھا شوکت علی، ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہندو اوقاف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے قابضین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور اس تاریخی ورثے کی زمین کو واگزار کروا کر اس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے۔

